یواے ای کے مرکزی بینک نے 51 ویں یوم الوطنی پر ایک ہزار درہم کرنسی نوٹ کا نیا ڈیزائن جاری کردیا ہے ۔ پولیمر سے بنے اس نوٹ میں کئی جدید سیکیورٹی فیچر شامل کئے گئے ہیں۔ کرنسی نوٹ کے سامنے والا حصے میں سابق صدر اور یواے ای کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کی تصویر ہے یہ تصویر خلائی شٹل کے ساتھ ہے ۔ مرکزی بینک کے مطابق یہ ڈیزائن 1976 میں شیخ زاید بن سلطان آل نھیان اور ناسا کے بانیوں کے درمیان ملاقات سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے۔اس سے بانی کے عزائم کا اظہار ہے کہ جب خلائی تحقیق کی بات آئے تو تو متحدہ عرب امارات کو سب سے آگے رکھا جائے۔ شیخ زاید بن سلطان کی تصویر کے بائیں جانب 2021 میں کیے گئے سفر کا حوالہ دیتے ہوئے ‘ایمریٹس مشن ٹو ایکسپلور مریخ – دی ہوپ پروب’ کے الفاظ ہیں۔ ایک خلاباز کی تصویر حفاظتی فیچر کے طور پر دی گئی ہے جو کرنسی نوٹ کے دونوں اطراف موجود ہے یہ تصویر خلا میں پہچنے والے پہلے اماراتی خلا باز کی نمائندگی کرتی ہے۔
نوٹ کے پچھلے حصے میں ابوظبی میں واقع برکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ کی تصویر دی گئی ہے جو یواے ای کی ایک اور کامیابی ہے۔ نیا کرنسی نوٹ 2023 کی پہلی ششماہی سے زیراستعمال آئے گا اور ایک ہزار درہم مالیت کے پرانے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ بھی زیرگردش رہیں گے۔