نیپالی بزنس کونسل دبئی کی جانب سے نیپال سمیت پاکستان، انڈیا، سری لنکا اور دیگر ممالک کی معروف کاروباری شخصیات اور متحدہ عرب امارات میں رہنے والی اہم شخصیات کے اعزاز میں آئرس ٹاور بزنس بے دبئی میں ایک پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا. جس میں نیپال میں متحدہ عرب امارات کے پہلے سابق سفیر سعید حمدان ال نقیبی، نیپالی سماج یو اے ای کے چیئرمین بید پرساد آریال، فلپائین بزنس کونسل کی چیئرمین میڈم مرجان سیلسٹی کیریلا، پاکستان بزنس کونسل دبئی کے رہنما محمد اقبال داؤد، نک سمنز انسٹیٹیوٹ کی ڈاکٹر ارچنا، سری لنکن بزنس کونسل کے نمائندے جیفری پریرا، فیڈریشن آف نیپالی جرنلسٹس فورم یو اے ای چیپٹر کے نمائندے مے راس سیپکوٹا، انڈین بزنس اینڈ پروفیشنل کونسل کے چیئرمین نمش مکوانا، مسٹر دیپک، اور دیگر کئی شخصیات نے شرکت کی, ان شخصیات کو اے کے انٹرنیشنل کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف علی صدیقی نے یادگاری شیلڈز پیش کی اور ان کو عشائیہ میں شرکت پر خوش آمدید کہا. اس موقع پر یو اے ای کے نیپال میں سابق سفیر سعید حمدان ال نقیبی نے شرکاء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات تمام ممالک کے لوگوں کا دوسرا گھر ہے، یہاں کی حکومت نے کاروباری لوگوں کیلئے بڑی سہولیات دے رکھی ہیں یہی وجہ ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک کے سرمایہ کار یہاں آکر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، ان کو یہاں سیکیورٹی، حکومتی اداروں سے مختلف سہولیات اور قرضوں کی سہولیات میسر کی گئی ہیں. انہوں نے کہا کہ یو اے ای تمام ممالک کے لوگوں کو خوش آمدید کہتا ہے، یہاں کاروبار یا روزگار کرنے والے لوگوں کا مستقبل تابناک ہے. اس موقع پر ڈاکٹر آصف علی صدیقی نے اپنے خطاب میں شرکاء کا شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مختلف ممالک کی کاروباری شخصیات کو آپس میں نیٹ ورکنگ کا سنہری موقع فراہم کیا ہے، اس سے وہ اپنے تعلقات کو مضبوط کرکے اپنے کاروبار کو بڑھا سکتے ہیں, انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام مستقبل میں بھی کرائے جائیں گے. اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان بزنس کونسل کے مرکزی رہنما محمد اقبال داؤد نے کہا کہ مختلف ممالک کی کاروباری شخصیات سے مل کر اچھا لگا، اس سے ہم اپنے ملک کی مختلف اشیاء کی برآمد کو بڑھا سکتے ہیں، اور یہاں موجود کاروباری شخصیات کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور ہمارے ملک میں سرمایہ کاری کریں. آخر میں مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔